خبرنامہ

لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

سابق خاتون اول کلثوم نوازکی نماز جنازہ لندن میں ادا کردی گئی ۔اس موقع پر ان کے بیٹے حسین،حسن ،شہبازشریف،اسحاق ڈار ،چوہدری نثار اور مسلم لیگ ن کے کئی کارکنان سمیت رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔

کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ مسجد آنےوالوں کو تلاشی کےبعد اندر آنے کی اجازت تھی۔ نماز جنازہ سے ایک گھنٹے قبل حسن اور حسین نواز مسجد پہنچ گئے تھے۔نماز جنازہ میں چوہدری نثار نے بھی شرکت کی۔

کلثوم نواز کی میت جمعہ کی صبح لاہور لائی جائےگی۔ان کی لاہور میں جاتی امرا میں نمازجنازہ شام 5بجے اداکی جائےگی۔نمازجنازہ مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے۔