خبرنامہ

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کی جائے: ایاز صادق

اسلا م آباد(ملت + آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے اور نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر اس مسئلے کے فوری حل اور مقبوضہ وادی میں بھارتی سیکورٹی کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بر بر یت اور انسانی حقوق کی خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ جو ہر سال 27اکتوبر کو منایا جاتاہے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے ہمارا رشتہ صرف مذہب ،تہذیب اور انسانی بنیادوں پر استوار نہیں بلکہ سر حد کے دونوں جانب کے عوام کے مابین خون کارشتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قر ار دادوں کے تحت کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان کی طر ف سے ان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طر ف سے غیرمسلح اجتماعات پر بلااشتعال پیلٹ گن کا استعمال ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جنازوں کی بے حرمتی ،بچوں کو پیلٹ گن سے نابینا بنانے کے واقعات ،خواتین کی عصمت دری ،کشمیری قیادت کو پابند سلا سل بنانے اور کر فیو کے نفاذپر افسوس کااظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو بندوق کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ کشمیری عوام کی جانب سے حق خودارادیت کے لیے دی جانے والی قر بانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ سر دار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقو ق کی پامالی کی ایک لمبی تاریخ ہے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مقبوضہ وادی ایک متنازعہ علاقہ ہے جس میں استصواب رائے ہونا باقی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود اقوام متحد ہ کے پلیٹ فارم پر کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے اور مقبوضہ وادی میں استصواب رائے کرانے کاوعدہ کیا تھا ۔انہوں نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور اقوام متحدہ پر کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرانے میں کلیدی کردار ادا کر نے کی ضرورت پر زور دیا ۔