خبرنامہ

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

کراچی: ملت آن لائن .. ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

کراچی اور گرد و نواح کے علاقے گزشتہ چند دن سے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے تاہم بدھ کی صبح سے ہی موسم ابر آلود تھا۔ سمندر سے چلنے والی ہوا بند ہونے اور ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے گرمی کی شدت انتہائی زیادہ تھی اور دوپہر تک درجہ حرارت 37 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا لیکن شام میں شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے کراچی والوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی۔

کراچی میں بارش کا سلسلہ اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد، لیاری اور ملیر کے نواحی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار کر دیا وہیں سینکڑوں فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا، اس کے علاوہ سڑکوں پر پھسلن سے کئی ٹریفک حادثات بھی ہوئے ہیں تاہم ان حادثات میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

شہر میں سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 26 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 19.4، گلشن حدید میں 17.7، ناظم آباد میں 16.5 اور گلستان جوہر میں 16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل بیس پر 4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور میں 12 ملی میٹر اور ایئرپورٹ کے علاقے میں 9.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی