خبرنامہ

’نواز شریف، مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کمیٹی کرے گی‘

نواز شریف اورمریم

اسلام آباد: نگراں وزیر قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے سے متعلق فیصلے کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی جانب سے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست موصول ہوئی تھی، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محمد اعظم، وزیر خزانہ شمشاد اختر اور خود ان پر مشتمل کمیٹی مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماؤں کی واپسی پر اس معاملے کا جائزہ لے گی۔

نگراں وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز اس وقت بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث ملک سے باہر ہیں، جس کی وجہ سے اس وقت ای سی ایل میں نام ڈالنے کا معاملہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دوست زلفی بخاری کا نام کبھی ای سی ایل میں نہیں تھا، لہٰذا انہیں بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جاسکتا۔

اس موقع پر انہوں نے کسی بھی ایسے قانون سے لاعلمی کا اظہار کیا، جس کے تحت لوگوں کے نام، نام نہاد ’ بلیک لسٹ‘ میں ڈالے گئے تھے۔

بیرسٹر سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت نے اس معاملے پر جائزہ لیا ہے اور بلیک لسٹ سے متعلق قوانین کو دیکھ رہی ہے، تاہم لوگوں کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کا عمل ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی کا نام ای سی ایل میں شامل ہے تو وہ وفاقی کابینہ کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جاسکتا لیکن بلیک لسٹ میں نام شامل کرنے یا نکالنے کے لیے کابینہ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔

خیرپختونخوا کے گورنراقبال ظفرجھگڑا کو ہٹانے کے مطالبے پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی آئندہ عام انتخابات میں مداخلت اور اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا تو حکومت اسے تبدیل کردے گی۔

دوران گفتگو الیکشن ملتوی ہونے کے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ ہمارا قوم سے وعدہ ہے کہ نگراں حکومت صاف اور شفاف طریقے سے وقت پر انتخابات یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام تر صلاحیت اور وسائل کو استعمال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پر امن ماحول میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے حساس پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔