خبرنامہ

نواز شریف نے عدلیہ مخالف تحریک چلائی تو ان کیخلاف نکلوں گا، عمران خان

نواز شریف نے عدلیہ مخالف تحریک چلائی تو ان کیخلاف نکلوں گا، عمران خان

اوکاڑہ(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف قوم کے مجرم ہیں۔

اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، کیا کبھی گیدڑ تحریک چلاسکتا ہے؟

خیبر پختون خوا میں آکر میری کرپشن پوچھی جائے اگر کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں کون سی تحریک چلائی تھی؟

عمران خان نے کہا کہ اگر آج عدالت نواز شریف کو بری کردے تو نوازشریف اسی عدالت کی تعریف کریں گے۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ جسٹس عبدالقیوم والی عدلیہ چاہتی ہے جسے شہباز شریف فون پر فیصلے لکھواتے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ آپ اپنے اور میرے کیس کا موازنہ کررہے تھے، میں کبھی آج تک اقتدار میں نہیں رہا، کرپشن اقتدار میں ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال سے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے، وہاں کے لوگوں سے پوچھیں کہ کیا عمران خان نے ایک فیکٹری بھی لگائی، خیبر پنک سے قرضہ لیا، رشتہ داروں کو نوازا، سفارشیں کیں یا نوکریاں لگوائیں، ایک چیز ثابت کردیں، میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنی نااہلی کیس کے دوران انہوں نے 60 دستاویزات پیش کیں جبکہ نواز شریف نے اپنے کیس میں صرف ایک قطری کا خط پیش کیا جو کہ ایک فراڈ تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں کس کو خوش کرنے کیلیے ختم نبوت قانون کو تبدیل کرنیکی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کا ڈرامہ اب ختم ہوچکا ہے، لوگ آپ کو سمجھ چکے ہیں، ہم شہبازشریف کیخلاف نیب میں جائیں گے،انکےخلاف نئی چیزیں آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سے بھی پوچھوں گا تمہارے پرائزبانڈ کیسے نکلتے تھے؟ خواجہ آصف سے بھی 15 لاکھ روپے جو دبئی سے لیتے ہیں اس کا پوچھوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ امپائرز کو بھی بلالیں اس کے باوجود نوازشریف کو شکست دیں گے، ہر کرپٹ سیاستدان نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف خاندان کی غلامی کررہے ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے جدوجہد اس لیے کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بھی انصاف ملے گا، ان کا بنایا ہوا پاکستان ہندوستان سے بہت بہتر ہے جہاں اقلیتوں کے ساتھ کیا کچھ ہور ہا ہے، ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اقلیتوں کو برابر کا شہری بنائیں گے۔

قبل ازیں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حق میں آنے والا فیصلہ مخالفین کو ہضم نہیں ہورہا، محمود اچکزئی کا فاٹا کو متنازع علاقہ قرار دینا ٹھیک نہیں۔
تحریک انصاف انتخابی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج اوکاڑہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔

اوکاڑہ کے فٹبال گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کی جانب سے بڑے پاور شو کے لئے پنڈال سجادیا گیا ہے جہاں انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جلسے کے لیے اسٹیڈیم میں 15 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

مقامی رہنماوں کے مطابق جلسے میں 70 سے 80 ہزار کے قریب کارکنان کی آمد متوقع ہے جبکہ جلسہ گاہ میں 6 کنٹینروں پر مشتمل اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔

جلسے سے چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے جب کہ جلسے کے لئے شرکا کو 4 بجے کا وقت دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کے لئے پنڈال میں خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے جب کہ شرکا کو مکمل سیکیورٹی چیکنگ کے بعد جلسہ گاہ کے اندار داخلے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو اوکاڑہ میں ویلکم کرنے کے لیے مقامی رہنماؤں کی جانب سے شہر بھر میں بینرز اور پینا فلیکسز آویزاں کردیے گئے ہیں۔