خبرنامہ

نواز شریف کے حکم پر چوہدری نثار کے بجائے قمر الاسلام کو ٹکٹ جاری

لاہور: سابق وزیرِاعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے کہنے پر چوہدری نثار علی خان کے بجائے حلقے سے قمر الاسلام کو ٹکٹ جاری کردیا گیا۔

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سابق وزیرِ داخلہ اور سابق لیگی رہنما چوہدری نثار علی خان اپنی پارٹی سے بار بار ناراض ہوتے رہے اور سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق انہیں منانے کے لیے جاتے رہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات میں فیصلہ کن کردار سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے سخت گیر موقف نے ادا کیا۔

اس سلسلے میں خواجہ سعد رفیق چوہدری نثار علی خان کو نواز شریف کے اختلافات سے آگاہ کرتے رہے، جبکہ وہ مسلم لیگ ن کے موجودہ صدر شہباز شریف کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہے، تاہم اس دوران نواز شریف نے اپنا سخت گیر موقف اپنائے رکھا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کی کوشش تھی کہ راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی ایک نشست سے ٹکٹ چوہدری نثار علی خان کو دی جائے یا پھر اس حلقے سے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے۔

تاہم اب مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کے حکم پر چوہدری نثار کی جگہ قمر الاسلام کو آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب زعیم قادری کا پارٹی سے علیحدگی کا معاملہ سامنے آیا، جس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ زعیم قادری کو نواز شریف کے منع کرنے کی وجہ سے منایا نہیں گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور شہباز شریف زعیم قادری کو منانا چاہتے تھے لیکن نواز شریف نے انہیں منع کرتے ہوئے کہا کہ ’روٹھنے والوں کو منایا نہیں جائے‘۔