خبرنامہ

نیب: شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

نیب: شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) نیب نے سابق وزیرِاعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر لیاقت جتوئی کےخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیرِاعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل اور کوئٹہ سے سابق ایم این اے ناصر شاہ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی پر الزام ہے کہ انہوں نے بشارت حسن بشیر کو غیر قانونی طور پر متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کا کنسلٹنٹ لگایا۔ اس سے قومی خزانے کو 2 کروڑ 16 لاکھ کا نقصان ہوا۔ وزیرِاعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل اور سابق ایم این اے ناصر شاہ کے آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری ہو گی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سی ڈی اے افسران کے خلاف محکمہ جنگلات پنجاب کی اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کی تحقیقات کی منظوری دی۔ ای او بی آئی کی جانب سے 3.8 ارب کے حصص پنجاب بینک میں غیر قانونی طور پر خریدنے کی انکوائری ہو گی۔

سابق چیئرمین پنجاب کوآپریٹو لیکویڈیشن بورڈ، لیاری ایکسپریس وے ریسیٹلمنٹ اور محکمہ مال سندھ کے افسران کی ہیرا پھیری کی بھی جانچ ہو گی۔