خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پرلاہورپہنچیں گے

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، جہاں عمران خان پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے جبکہ پنجاب حکومت وزیراعظم کو 100 روزہ اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ رہے ہیں، ایوان وزیراعلٰی میں وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب حکومت وزیراعظم کو اپنی 100 روزہ کارکردگی اور آئندہ کے لئے طے پانے والے اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق صوبے کے 17 اضلاع میں صحت کارڈ، مجوزہ بلدیاتی ڈھانچے، ملتان میں منی سیکرٹریٹ کے قیام اور صوبے میں عام آدمی کی معاشی اور سماجی ترقی کے حوالے سے طے کئے جانے والے اہداف وزیراعظم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

وزیر اعظم کو پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزراء کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی، کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقات ہوگی۔

خیال رہے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، نئے پاکستان کامستقبل روشن اور تابناک ہے، عمران خان کے ہوتے کوئی عوامی مفادکونقصان نہیں پہنچا سکتا۔

یاد رہے 10 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان مختصر دورے پر لاہور پہنچے تھے، جہاں انھوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر شیلٹر ہوم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

شیلٹرہومز بے سہارا اور غریب عوام کے لیے بنائے جائیں گے اور اس میں 93 مرد اور 27 خواتین قیام کرسکیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا جو لوگ سڑکوں پر سوئے ہوتے ہیں، ان کو کس چیزکی ضرورت ہوگی، ہمارے اندر احساس ختم ہوگیا ہے،سڑکوں پر رہنے والوں کی کسی کو فکر ہی نہیں، ہمارے ہاں وسائل کی نہیں احساس کی کمی ہے، احساس اور رحم کے بغیرکوئی معاشرہ مکمل نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آتےساتھ ہی مشکلات کاسامناکرنا پڑا،ہمیں موقع ہی نہیں مل رہاتھا، قرضوں کا پہاڑ تھا،ملک کو دیوالیہ ہونےسےبچانےکے لیےاقدامات کررہےتھے، اب موقع ملاہے،شیلٹرہومزپہلاقدم ہےاوربھی اقدامات کیےجائیں گے۔