خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں شیلٹر ہوم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

اسلام آباد :(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں شیلٹر ہوم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور 100 روزہ پلان پر پنجاب حکومت کی جانب سے بریفنگ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر آج لاہور پہنچیں گے اور لاہورریلوے اسٹیشن کے باہر حکومت پنجاب کے شیلٹرہوم پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، پہلے مرحلےمیں لاہور میں 5 شیلٹر ہوم قائم ہوں گے۔

دورہ لاہور میں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ایوان وزیراعلی میں ملاقات بھی ہو گی، جس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعظم کو 100 روزہ پلان پر حکومت پنجاب کی کارکردگی کے بارے میں بریف کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان پنجاب کے وزرا سے بھی مشاورت کریں گے، اس موقع پر وزراء اپنے اپنے محکموں میں کئے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

وزیر اعظم سے ڈی جی اینٹی کرپشن بھی ملاقات کریں گے اور محکمے کے بارے میں بریف کریں گے جبکہ تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کی وزیراعظم سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 30 اکتوبرکو وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پنجاب کے انتظامی، سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ زرعی شعبے میں تحقیق کو یکسر نظرانداز کیا گیا، زرعی شعبے کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا اہم ترین ایجنڈہ ہے، زرعی شعبے کے زوال کو قلیل مدتی اقدامات سے بہتری میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ طویل المدتی اقدامات پر فوری طور پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، اس کے علاوہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی معاونت کی فراہمی بھی ضروری ہے