خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد :(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں بلوچستان،سندھ میں پانی کی تقسیم کے فارمولے کا جائزہ لیا جائے جبکہ قدرتی گیس کی تقسیم اور پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے جگہ کی دستیابی پربھی بات چیت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج 12 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بلوچستان،سندھ میں پانی کی تقسیم کے فارمولے کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ کے پی کو ہائیڈل منافع اور ادائیگی سمیت دیگر امور بھی زیرغور آئیں گے اور قدرتی گیس کی تقسیم اور مینجمنٹ کےحوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

اجلاس میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لئے جگہ کی دستیابی پر بھی بات چیت ہوگی اور فاٹا کو صوبوں کے حصے سے 3فیصد وسائل سے متعلق مشاورت ہوگی۔

خیال رہے وزیراعظم کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا یہ دوسرااجلاس ہوگا۔

یاد رہے 24 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں سات نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم صوبوں کومزید خود مختاربناناچاہتے ہیں، وفاق صوبوں کوساتھ لےکرچلنےکاخواہاں ہیں، چاروں صوبوں میں یکساں صوبائی مہم شروع کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نےبلدیاتی نظام،وسائل کی باہمی تقسیم کے متعلق وژن سےآگاہ کیا اور کہا تھا کہ صوبوں کو مزید با اختیار بنانا چاہتے ہیں، وسائل کی شفاف تقسیم نچلی سطح تک یقینی بنائی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پٹ فیڈراورکیرتھرکینال میں پانی کی کم فراہمی کے معاملے پر غور کیا گیا، نیشنل واٹرکونسل صوبوں میں پانی کی تقسیم کےفارمولے پرسفارشات دے گئیں جبکہ وفاق، صوبوں کا نیٹ ہائیڈل منافع سے متعلق اےجی این قاضی فارمولےپرعمل درآمد پر اتفاق کیا گیا اور ساتھ ہی پٹرولیم پالیسی 2012 میں حکومت سندھ کی ترامیم کواقتصادی رابطہ کمیٹی کوسپرد کرنےکا فیصلہ کیا گیا تھا۔