خبرنامہ

وزیراعظم کی تقریر کو سراہا گیا، مشترکہ اجلاس کشمیریوں کی آواز بنا ہے، سراج الحق

اسلام آباد ۔3اکتوبر(اے پی پی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد مقبوضہ کشمیر کی عوام کے لیے ایک بہت بڑا پیغام ہے اور خصوصی طور پر ان مظلوم کشمیریوں کے لیے جو گذشتہ 87 دن سے شدید کرفیو کی زد میں ہیں اس عوام کے لیے جن کے بچے بھارتی جارحیت کے باعث اس وقت ہسپتالوں میں ہیں، جیل میں گرفتار ان نوجوانوں کے لیے جنہوں نے اپنی آزادی کے لیے ایک پرامن جنگ شروع کی ہے، اور ان تمام ہزاروں وارثین شہداء کے لیے جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس تحریک میں قربان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پیر کو ہونے والے پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مشترکہ اجلاس کشمیریوں کی آواز بنا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر تمام سیاسی جماعتوں کا موقف یکساں ہے، بھارتی ظلم و بربریت کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم سب نے آج کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی اس تقریر کو بھی سراہا جو انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جس میں انہوں نے کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے ساتھ مل کر آج ہم نے کشمیر کے حق میں جو قرارداد پاس کی ہے اس کے لیے حکومت ہمیں ایک ایکشن پلان بھی دے دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سوڈان میں جنوبی سوڈان کے نام سے ایک نیا ملک بن سکتا ہے، انڈونیشیا میں مشرقی تیمور کے نام سے ایک نیا ملک بن سکتا ہے جہاں اتنی جدوجہد بھی نہیں ہوئی جتنی مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہے تو پھر مقبوضہ کشمیر کیوں ایک نیا ملک نہیں بن سکتا