خبرنامہ

وزیراعظم کی آج سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات ہوگی

وزیراعظم کی آج سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات ہوگی
ریاض: (ملت آن لائن) سعودی عرب کے دورے پر گئے وزیراعظم عمران خان کی آج سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے عمرہ ادا کیا۔ ان کی آمد پر خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولاگیا، جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے، اور ملک کی خوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔ وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ بھی گئے، جہاں انہوں نے روزہ رسول ﷺ پر حاضری دی، وزیراعظم نے ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل ادا کیے۔

وزیراعظم سعودی عرب پہنچنے تو مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر اترتے ہی جوتے اتار دیئے، عمران خان جوتوں کے بغیر جہاز سے باہر آئے اور گورنر سے ملاقات میں بھی جوتے نہیں پہنے۔ واضح رہے سعودی فرمانرواشاہ سلمان نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی تھی۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر سے زائد کا تیل ادھار لینے کا امکان ہے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی جبکہ پاکستانی وفد سعودی عرب سے یہ سہولت ملنے کیلئے پرامید ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ان کا وفد معاشی معاملات پر بات کرے گا جبکہ پاکستانی وفد پر امید ہے کہ سعودی عرب سے ادھار تیل لینے کی سہولت مل جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سعودی عرب نے ادھار تیل فراہم کر دیا تو پھر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھی یہ سہولت مل سکتی ہے جہاں سے پاکستان سالانہ 4 ارب 75 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کرتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ نے اس معاملے پر تفصیلی گفتگو بھی کر لی ہے۔