خبرنامہ

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس، ملکی صورتحال پرغور

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں ملک کی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی ۔ اجلاس میں آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس آئی ، مشیر خارجہ ، مشیر قومی سلامتی ، وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ شریک ہیں ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے بیس میں سے آٹھ نکات پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہے ۔ صوبے فوجداری مقدمات کے حوالے سے سفارشات پیش کر سکے نہ دہشتگرد تنظیموں کی فنڈنگ روکی جا سکی۔ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ فوجداری مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے حوالے سے صوبوں نے تاحال سفارشات پیش کیں ، نہ دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ روکنے کے حوالے سے مربوط کارروائی کی جا سکی ۔ فرقہ واریت پر قابو پانے اور بلوچستان میں فراریوں کو قومی دھارے میں لانے اور بحالی کا عمل بھی سستی روی کا شکار ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ فاٹا اصلاحات پر بھی تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی جبکہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے ۔ افغانیوں کی واپسی کا عمل تیز کرنے کے بجائے مزید لٹکا دیا گیا ہے ۔