خبرنامہ

وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں پاکستان کا تماشا نہ بنائیں، چوہدری نثار

وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں پاکستان کا تماشا نہ بنائیں، چوہدری نثار

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے ’’گھر کی صفائی‘‘ ضرور کریں مگر پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے گھر کی صفائی ضرور کریں مگر پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں، ’’گھر کی صفائی‘‘ پر کسی کو اعتراض نہیں لیکن بیانات کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے، پاکستان تو اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھارت کہتا رہا۔ کیا بھارتی حکومت یا سیاستدانوں میں سے کسی نے کبھی اس بات کا اعتراف کیا جب کہ افغانستان میں دن کے اجالے میں دہشت گردوں کے درجنوں کیمپ امریکا کے کیمروں کے نیچے چل رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آگ کی ہولی افغانستان سے دہشت گرد آ کر کھیلتے ہیں لیکن کیا افغانستان یا امریکا نے افغانستان کے اندر ”گھر کی صفائی” کی ضرورت کا اعتراف کیا، گزشتہ چار سال میں ”گھر ” کے اندر جتنی صفائی ہوئی اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اپنا گھر ٹھیک کرنے کے قریب ہیں کیونکہ جب تک اپنا گھر ٹھیک نہیں ہوتا مسائل حل نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کچھ لوگ سی پیک کو چین پنجاب راہداری کہتے ہیں اور کچھ کم علم لوگ سی پیک کو ایسٹ انڈیا کمپنی سے تشبیہ دیتے ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے لوگ بد دیانت ہیں، دراصل ایسے لوگ 2 دوست ملکوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔