خبرنامہ

وزیرِاعظم نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کر دیا

وزیرِاعظم نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کر دیا
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیرِاعظم عمران خان نے احسان مانی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق سربراہ احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے یہ اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس میدان میں وسیع تجربہ رکھنے والے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے ناصرف آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ وہ سال تک آئی سی سی کے خزانچی اور سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
احسان مانی نے بطور چیئرمین پی سی بی اپنی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پی سی بی کا چیئرمین بنانے کی اطلاع مل گئی ہے۔ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنے تعلقات استعمال کروں گا اور پاکستانی ٹیم کو دنیا کی صفِ اول کی ٹیم بنانے کی کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا ویژن وزیرِاعظم کی سوچ سے مطابقت رکھتا ہے، مجھے جو ذمہ داری دی گئی ہے، اسے دیانتداری سے نبھاؤں گا۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے مقرر کردہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ دینے کیلئے نئے وزیرِاعظم کے آنے کا انتظار کر رہا تھا۔
کچھ روز قبل بھی نجم سیٹھی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بطور وزیرِاعظم عمران خان بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے، اگر وہ اپنے کسی شخص کو پی سی بی میں لانا چاہتے ہیں تو مجھے اشارہ کر دیں، میں استعفیٰ دے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا چیئرمین مقرر کرنا، پیٹرن ان چیف کا استحقاق ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاؤں گا جس سے پی سی بی کو نقصان ہو، کرکٹ سے میری روزی روٹی وابستہ نہیں ہے، میں ٹی وی پر اپنا شو بھی شروع کر سکتا ہوں، میں نے کوئی کوئی غلط کام نہیں کیا ہے کہ گھبراؤں۔