خبرنامہ

وزیر اعظم کا ٹرمپ کو فون، صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیر اعظم سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آپ اچھی شہرت رکھتے ہیں، آپ کی کارکردگی ہر شعبے میں نظر آتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان میں آگے بڑھنے کے بہت مواقع ہیں، پاکستانی عوام بہت ذہین ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نواز شریف سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی عوام بھرپور صلاحیتوں کی مالک ہے۔ نومنتخب امریکی صدر نے میاں نواز شریف سے کہا کہ آپ سے جلد ملاقات کا متمنی ہوں، آپ مجھے کسی بھی وقت فون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی بہترین لوگ ہیں، جتنے پاکستانیوں کو میں جانتا ہوں وہ غیرمعمولی ہیں۔