خبرنامہ

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے دوران گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورگوادر سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے ایک ارب روپے فراہم کرے گی

اسلام آباد(ملت آن لائن ،اے پی پی)وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورگوادر سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے مجموعی طور پرایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کرے گی۔ جمعہ کو جاری کی گئی پی ایس ڈی پی رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ بالترتیب 25ارب اورایک ارب47 کروڑ58 لاکھ 89 ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ 30جون2017ء تک گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 10ارب 59کروڑ 14 لاکھ 50 ہزار روپے اور گودار سیف سٹی منصوبہ کیلئے 73کروڑ80 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ منصوبوں کی تکمیل سے گوادر میں شہری سہولتوں کی فراہمی اور مقامی و غیرملکی کاروباری برادری کیلئے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف چین پاکستان دو طرفہ تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ خطے کے دیگرممالک بشمول یورپی و افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی رابطوں کو بھی بڑھایا جاسکے گا۔