خبرنامہ

ٹرمپ نے ترمیم کے بل پر دستخط کر دیئے

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) امریکا کا صدر بنتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا پہلا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے اوباما کیئر پروگرام میں ترمیم کی سمری پر دستخط کر دیئے۔ امریکا کے 45 ویں صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے ایگزیکٹو آرڈر کا اختیار استعمال کرتے ہوئے اوباما کیئر پروگرام میں ترمیم کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں تاہم بل کی حتمی منظوری سینیٹ دے گی۔ اس کے علاوہ واشنگٹن میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے لئے محفل موسیقی سجائی گئی جس میں دونوں نے رقص بھی کیا۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب کوئی گیم نہیں کام ہو گا اور امریکا کو ایک بار پھر سے عظیم ملک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی چیزیں خریدو اور امریکیوں کو نوکری دو کے نظریات پر کام کروں گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے اوباما کیئر بل میں ترمیم کے فیصلے کے خلاف واشنگٹن اور نیویارک سمیت مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی جاری ہیں، مظاہرین نے نیویارک اور واشنگٹن میں متعدد عمارتوں کے شیشے توڑ دیئے اور سامان کو آگ لگانے کے ساتھ ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جبکہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور متعدد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ امریکی میں لاکھوں افراد اوباما کیئر بل کے ذریعے صحت کی سہولیات اور انشورنس حاصل کر رہے ہیں لیکن امریکا کے نئے صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اوباما کیئر بل کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔