خبرنامہ

پاکستان جوہری ہتھیار استعمال کریگا،برطانوی اخبار کا دعویٰ

لندن: (ملت+آئی این پی) برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت پر واضح کردیا ہے کہ حملے کی صورت میں پاکستان جوہری ہتھیار استعمال کرے گا۔برطانوی اخبار’’فنانشل ٹائمز ‘‘کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے بھارت کی طرف سے حملے کی صورت میں نیوکلیئر ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے۔نئے بھارتی آرمی چیف نے تسلیم کیا ہے کہ کسی بحرانی و اقعے میں ہمسایہ ملک پاکستان پر خفیہ فوجی حملے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اسلام آباد میں تین عہدیداروں نے اخبار کو بتایا کہ بھارت طویل عرصے سے کولڈ اسٹارٹ منصوبے کی آڑ میں پاکستانی علاقے پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، بھارت دہشت گردی کے واقعے کو پاکستان پر حملے کے لئے جواز بنائے گا اگر بھارت نے ایسی کارروائی کی ہمت کی تو پاکستان اپنے دفاع کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا ۔اعلی حکام میں سے ایک کا کہنا ہے کہ ہماری قومی سلامتی کو غیر ملکی افواج کی پیش قدمی سے خطرہ ہوا تو پاکستان اپنے تمام ہتھیاروں کو استعمال کرے گا ،انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے دفاع کے لئے ہر قسم کاہتھیار استعمال میں لایاجائے گا۔بھارتی فوج کے نئے سربراہ بپن راوت کی طرف سے کولڈ اسٹارٹ کے وجود کو تسلیم کرنے کے دو ہفتے بعد پاکستانی حکام کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا ہے۔اس سے پہلے بھارت نے کبھی بھی کولڈ اسٹارٹ نظریے کو تسلیم نہیں کیا تھا ۔