خبرنامہ

پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے، نواز شریف

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیائی خطے کی اقتصادی ترقی اور ممکنہ علاقائی ہم آہنگی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون( سارک) ممالک کے وزراء خزانہ کے آٹھویں اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 9اور10 نومبر کو اسلام آباد میں انیسویں سارک سربراہ کانفرنس کی میزبانی کا منتظر اورتنظیم کو آگے لے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم کے ذریعہ علاقائی ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ علاقے میں امن کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے ، پاکستان خطے کے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے اس ضمن میں اپنا کردار دا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ تنظیم کے پس پردہ سوچ جنوبی ایشیاء کے عوام کی فلاح وبہبود ہے ، خطے میں بے پناہ انسانی اور قدرتی وسائل ہیں، دنیا کا آبادی کا پانچواں حصہ اس خطے میں آباد ہے اور علاقے کی ترقی کیلئے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا سماجی منشور آگے بڑھنے کا حقیقی راستہ ہے اور ہمارا ملک اس ضمن میں سارک کے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے صحت اورتعلیم کے شعبوں میں تنظیم کے وسیع تر کردار کی ضرورت پر زوردیا۔ نواز شریف نے اسلام آباد میں مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ وہ تنظیم کو زیادہ فعال اورموثر بنانے کیلئے مفید سفارشات پیش کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ کسٹمز، دوہرے ٹیکس، اقتصادی اور مالیاتی تعاون کے بارے کانفرنس میں غورو خوض سارک کو زیادہ بامقصد بنانے میں معاون ہوگا۔ واضح رہے کہ وزارتی کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کیلئے سارک ممالک کے خزانہ سیکرٹریوں کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ وزراء خزانہ ، سیکرٹریز، متعلقہ سٹیٹ بینکس کے سربراہان، سینئرحکام اور سفارتکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے کے عوام کی بہتری اور سارک کو کامیاب علاقائی تنظیم بنانے کیلئے وسیع تر اشتراک کار کی کوششوں کو تقویت دینے پر زوردیا۔