خبرنامہ

پاکستان پہلی اننگز میں 198 رنز پر ڈھیر

مانچسٹر۔24 جولائی(اے پی پی ) انگلینڈ کی مانچسٹر ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مصباح الحق 52 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنا لئے اور اسے 489 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ ایلسٹر کک 49 اور جو روٹ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 57 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو شان مسعود 30 اور مصباح الحق ایک رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، شان مسعود گزشتہ روز کے سکور میں صرف 9 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 4 رنز بنانے کے بعد سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایلیکس ہیلز کو کیچ تھما بیٹھے۔ سرفراز احمد پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر بین سٹوکس کا نشانہ بن گئے۔ یاسر شاہ کو ایک کے انفرادی سکور پر کرس ووکس نے آؤٹ کیا۔ 179 کے مجموعی سکور پر مصباح الحق 52 رنز بناکر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہاب ریاض پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بنانے کے بعد معین علی کا نشانہ بنے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ کرس ووکس نے چار، معین علی اور بین سٹوکس نے دو، دو جبکہ سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے فالو آن کا آپشن استعمال نہیں کیا اور خود دوبارہ بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی اور کھیل کو روک دیا گیا۔ دوبارہ کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنا لئے اور اسے 489 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، ایلیکس ہیلز 24 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ایلسٹر کک 49 اور جو روٹ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔