خبرنامہ

پاکستان کا مسئلہ کشمیر کے حل پر امریکی پیشکش کا خیر مقدم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر امریکا قدم بڑھائے تو مسئلے کے حل میں پیش رفت ہوسکتی ہے۔نو منتخب امریکی نائب صدر مائیک پنس کی پیش کش کے جواب میں ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی ثالثی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نو منتخب امریکی انتظامیہ کی جانب سے ثالثی کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ اگر امریکا قدم بڑھائے تو مسئلے کے حل میں پیش رفت ہوسکتی ہے۔ نفیس ذکریا کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیا میں امن و استحکام ممکن ہے۔