خبرنامہ

پاک بھارت تنائو کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے :امریکہ

واشنگٹن…. امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کا خاتمہ دونوں ملکوں اور خطے کے مفاد میں ہے ، کشیدگی کے خاتمے کیلئے بیان بازی بند کرکے عملی مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ امریکا پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات معمول پر دیکھنا چاہتا ہے ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کا خاتمہ دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے ۔ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بند ہونی چاہیئے ۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بعض گروہوں کے خلاف کارروائی میں پیشرفت کی ہے تاہم ایسے گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے جنہوں نے ملک میں محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں ۔ مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان ان گروہوں کے خلاف بھی کارروائی کرے جو خطے کے دیگر ملکوں میں حملے کرتے ہیں ۔