خبرنامہ

پختونخوا ہاؤس میں 20 کروڑ کی چائے، نیب کو تحقیقات کی ہدایت

خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے تحریک انصاف کی سابق حکومت کی مبینہ کرپشن منظر عام پرلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگراں حکومت نے سابق دور میں پختو نخوا ہائوس اسلام آبادمیں مہمانوں کی خاطر تواضع اور تفریح پر صوبائی خزانے سے خرچ کی جانے والی20کروڑ رقم کی تحقیقات کیلئے ڈائریکٹرجنرل قومی احتساب بیوروخیبر پختونخوا کودرخواست ارسال کر دی۔

نگراں وزیراعلیٰ جسٹس(ر) دوست محمد خان کی ہدایت پرسیکرٹری ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قومی احتساب بیوروخیبرپختونخوا کوارسال کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پختونخوا ہائوس میں سال 2013 سے 2018ء کے دوران مہمانوں کی خاطرتواضع اورتفریح پر 20 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی گئی۔

مہمانوں کی تفریح پرخرچ کی جانے والی 20 کروڑ روپے کی منظوری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے دی گئی ہے چونکہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے اور قومی خزانہ کو20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

اس ضمن میں ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا سے سفارش کرتی ہے کہ وہ پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے منظوری کردہ 20 کروڑ روپے مہمانوں کی تفریح پر خرچ کرنے کی تحقیقات کرے۔ تحقیقاتی عمل کے دوران ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا آفیسر نیب کیساتھ مکمل تعاون کرے گا۔