خبرنامہ

پرویزمشرف کی عدم گرفتاری پرسیکریٹری داخلہ عدالت طلب

اسلام آباد: خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود سابق صدر پرویزمشرف کی عدم گرفتاری پرسیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یاورعلی اورجسٹس نذرمحمد نے سابق صدر پرویزمشرف کےخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف کو اشتہاری قراردیا جاچکا ہے، باوجود ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ملزم کوعدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

اس پر پرویز مشرف کےوکیل اختر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل ٹرائل میں پیش ہونا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

عدالت نے سابق صدر کی عدم گرفتاری پر سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔

عدالت نے حکم دیا کہ پرویزمشرف کے342 کے بیان سے متعلق سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔