خبرنامہ

پرویز خٹک استعفے دیں..سینیٹر الیاس بلور

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سینیٹر محمد الیاس بلور نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک کرپٹ شخص ہے اسلیے صوبے کی بہتری اورترقی کے لیے ہم اس کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں، پرویز خٹک نے اپنے حالیہ تین سالہ دور حکومت میں صوبے کی بہتری کیلیے کچھ بھی نہیں کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں خیبر پختونخواہ کی موجودہ حکومت اب تک کی ناکام ترین صوبائی حکومت ہے جس نے صوبے کی بہتری کے لیے کوئی کام بھی نہیں کیا، الیاس بلور کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں پرویز خٹک کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے اور انہیں عہدے سے فارغ کر دینا چاہیے، کے پی کے حکومت کے پٹواری کے نظام کو بہتربنا دینے کی باتوں میں بھی کوئی صداقت نہیں اورنہ ہی یہاں پٹواری نظام بہتر ہوا ہے، میں نے خود زمین خریدی اور اپنے کام کے لیے یہاں پٹواری کو پیسے دیئے، وزیر اعظم کے مشیر انجنیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت میں پڑے پیمانے پر کرپشن اور بدانتظامی سامنے آئی ہے، یہاں تک کہ پی ٹی آئی کے اپنے ایم این اے اور ایم پی اے کے پی کے حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں کیونکہ پرویز خٹک حکومت نے صوبے کی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کچھ کیا ہی نہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے بیانات اورانکے کردار میں بہت بڑا تضاد ہے، وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔