خبرنامہ

پرویز رشید کوئی بچہ تو نہیں، بغیر سوچے سمجھے خبر کیسے بھیج دی؟ عمران

اسلام آباد (ملت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وزیر داخلہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز رشید کوئی بچہ تو نہیں، ٹی وی پر آ کر تو بڑی دیر سے ن لیگ کی نمائندی کر رہے ہیں، کیسے ہو گیا کہ اس طرح کی سٹوری اور دیکھے سوچے سمجھے بغیر رپورٹر کو بھیج دی۔ بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی مان سکتا ہے کہ پرویز رشید کو پتہ ہی نہیں تھا کہ جو سٹوری آگے بھیج رہا ہے وہ مودی کا مؤقف ہے، اب تو اس پر اور زیادہ تفتیش کی ضرورت ہے، کون ذمہ دار تھا، کیا پرویز رشید خود یہ سٹوری آگے بھیج سکتا تھا یا اس کے پیچھے شاہی خاندان تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان اور پاکستان کا مفاد الگ الگ ہے، یہ سٹوری فیڈ کی گئی ہے اور پتہ چلوانا ہے کہ اس کے پیچھے کون ہے، چودھری نثار سے سوال پوچھتا ہوں کہ یہ سارا کچھ کیوں ہو رہا ہے ہم یہ سب اس لئے کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم پاناما لیکس میں رنگے ہاتھ پکڑا جاتا ہے، چودھری نثار بتائیں کیسے آپ کا ضمیر مانتا ہے کہ آپ کرپٹ آدمی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ نے ان سے کہا کہ وہ جواب دیں، چودھری نثار ایک کرپٹ آدمی کا کیسے دفاع کر رہے ہیں، لال حویلی کو کیوں بند کیا گیا، وہ تو صرف شیخ رشید کا سگار ہی ہتھار تھا، علی امین کی جان کو خطرہہے، اسے دھمکیاں ملی ہوئی ہیں، ہم اپنی خواتین، بچوں اور اہلخانہ کو بلا رہے ہیں بندوقوں والوں کو کیسے بلا سکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اگر آپ ایک صوبے کو باقی ملک سے کاٹ دیں گے تو کیا اس کا وزیر اعلیٰ بولے گا نہیں، ن لیگ بھی اسمبلی میں کہتی ہے کہ سی پیک میں خیبر پختونخواہ کو ٹھیک حصہ نہیں ملا، دونوں بھائیوں نے خود چین جا کرر فیصلے کر لئے، اب کود چھوٹے صوبوں میں تعصب پیدا کر رہے ہیں، ہم نے کبھی بھی بندوقوں کی سیاست کی نہ مار پٹائی کی۔ کبھی سنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں کسی سیاسی مخالف کو مار پڑوائی ہو۔