خبرنامہ

پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ سے استعفی دے دیا

اسلام آباد: سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

اے پی ایم ایل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ سے استعفی دے دیا جب کہ استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھی بھجوایا جاچکا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے نئے سربراہ کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست بھی جمع کرادی گئی جس میں ڈاکٹر امجد کو پارٹی سربراہ بنانے کی درخواست دی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رجسٹریشن میں ڈاکٹر امجد کو سربراہ مقرر کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پارٹی کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے۔

ڈاکٹر امجد کے مطابق ‘پرویز مشرف نے استعفی اس لیے دیا کہ وہ بیرون ملک رہ کر پارٹی نہیں چلا پا رہے تھے اس لیے انہوں نے پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیتے ہوئے مجھے نیا پارٹی چیئرمین نامزد کیا ہے’۔

ڈاکٹر امجد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت سے نااہلی ختم نہیں ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے پرویز مشرف کو مہلت دی تھی کہ اگر وہ عدالت میں پیش ہوجاتے ہیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا اور وہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے 14 جون کو عدم حاضری پر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔