خبرنامہ

پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے: شہبازشریف

پشاور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے الزام لگایا ہےکہ پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پرناچ رہی ہے۔

پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ نیب کی کارروائیاں (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، ہماری نیب میں پیشیاں ہورہی ہیں اور کچھ لوگ پیسٹریاں کھارہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے الزام لگایا کہ پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پرناچ رہی ہے جب کہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ تحریک انصاف اورنگران پنجاب حکومت ایک ہے، ان میں کوئی فرق نہیں، نگران وزیراعلیٰ کے ریکارڈ اٹھاکر دیکھ لیں، ان کے مسلم لیگ (ن) کےخلاف بیانات ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف ووٹ اورخدمت کی عزت کے لیے آئے، 13 جولائی کو پیمرا نے ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ موقع ملا توملک کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے اپنی جان لگادیں گے، جب مہاتیر محمد نے ملائشیا کو بدل دیا تو ہم اپنے ملک کو کیوں نہیں بدل سکتے، بھارت بھی ہم سے بہت آگے نکل گیا ہے وہ اب ہم سے صرف ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ڈرتا ہے۔

شہبازشریف نے ایک بار پھر عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ انہیں بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا میں نہ اسپتال بنایا، نہ سڑکیں، کالج اور فرانزک لیب، اگر وہ کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔