خبرنامہ

پی آئی اے کا لاپتا طیارہ فلم میں استعمال ہونے کا انکشاف

پی آئی اے کا لاپتا طیارہ فلم میں استعمال ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(ملت آن لائن)قومی ایئرلائن پی آئی اے کے گمشدہ طیارے کے فلم میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی اسمبلی میں جے یو آئی (ف) کے ارکان نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جس میں انکشاف کیا گیا کہ پی آئی اے کے گمشدہ طیارے کو مالٹا میں فلسطینیوں کے خلاف فلم میں استعمال کیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کی رکن عالیہ کامران نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف فلمبندی میں ہمارا طیارہ استعمال ہوا۔

توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور آفتاب شیخ نے کہا کہ ہم ایوان میں جھوٹ نہیں بولتے کہ بعد میں شرمندگی ہو، طیارہ مالٹا میں فلمبندی کے لیے کرائے پر لے جایا گیا، پی آئی اے کے طیارے کا 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کرایہ بھی وصول کیا گیا۔

آفتاب شیخ نے ایوان کو بتایا کہ اب طیارہ جرمنی میں کھڑا ہے اور اطلاعات ہیں کہ جرمنی کو فروخت کردیا گیا، یہ غلط اقدام کیا گیا جو ذمے دار ہے اس کے تعین کے لیے تحقیقات ہونی چاہئیں، طیارے سے متعلق ایف آئی اے اور سینیٹ کی کمیٹی تحقیقات کررہی ہے۔

شیخ آفتاب نے ڈپٹی اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر خصوصی کمیٹی بنا دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، رولنگ دے دیں کہ ایف آئی اے ایک ماہ میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحقیقاتی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او یا جو بھی ملوث ہے اسے سزا دی جائے۔