خبرنامہ

پی ایس ایل میچز لاہور میں کروادیے، اب کراچی کی باری ہے: نجم سیٹھی

پی ایس ایل میچز لاہور میں کروادیے، اب کراچی کی باری ہے: نجم سیٹھی
کراچی(ملت آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز لاہور میں کروادیے گئے ہیں اور اب کراچی کی باری ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس ایل کے چار کراچی میں میچز کروانا چاہ رہے ہیں۔ اس کے لیے رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
’بھارت نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے‘

آئی سی سی کے نئے اسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارت اگر پاکستان سے نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ باہمی سیریز کا معاملہ دو بورڈز کے درمیان ہے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی کےاسٹرکچر میں پاک بھارت میچز کم ہیں، ہم نے بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھی پاکستان آکر کھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔

فواد عالم کو مسلسل نظر کیے جانے کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا یہ سوال چیف سیلیکٹر انضمام الحق سے کیا جائے۔

‘فواد عالم کو کھلانے کا نہیں کہہ سکتا، سفارش کرسکتا ہوں لیکن زبردستی نہیں کرسکتا۔ اگر آپ (میڈیا) کو ایسا لگتا ہے کہ فواد کو سیلیکٹ کرنا چاہے تو آپ انضمام پر پریشر ڈالیں۔‘

سری لنکن ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سری لنکن بورڈ کے چیئرمین نے انہیں اس بات کا یقین دلایا ہے کہ سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں پی ایس ایل کے میچز کراچی میں کرانے پر بات چیت کی گئی اور اس موقع پر بالخصوص سیکیورٹی کے امور پر بات ہوئی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مراد علی شاہ کا نجم سیٹھی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے جو بہترین ہوگی، آپ چاہیں تو ایئر پورٹ سے ہوٹل تک ٹیم کے ساتھ آؤں گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پر امن شہر ہے، یہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، ہم سیکیورٹی کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔