خبرنامہ

پی ایس ڈی پی کے حجم میں 25.1فیصد اورصوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں میں 27.08فیصد اضافہ

اسلام آباد(ملت آن لائن ،اے پی پی)نئے وفاقی میزانیہ میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی) کے حجم میں 25.1فیصد جبکہ صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں میں 27.08فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔جمعے کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق مالی سال 2016-17میں وفاقی حکومت کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم 800 ارب روپے تھا جبکہ نئے مالی سال 2017-18کیلئے پی ایس ڈی پی کا حجم 1001ارب روپے کردیا گیاہے ۔اسی طرح گزشتہ سال صوبائی حکومتوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں کا حجم 875 ارب روپے تھا جبکہ نئے مالی سال 2017-18کیلئے یہ حجم 1112ارب روپے کرنے کی تجویز ہے یوں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں کے حجم میں بالترتیب 25.1فیصد جبکہ صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں میں 27.08فیصد اضافہ کیا گیا ۔حکومت نے ماضی میں ترقی سے محروم علاقوں پر توجہ دینے کی جو پالیسی اپنائی ہے اس کے تحت وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات، بلوچستان ،گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں عوام کے معیارزندگی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جبکہ پہلے سے جاری منصوبوں پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔اس پالیسی کے تحت فاٹا کیلئے نئے وفاقی میزانئے میں پی ایس ڈی پی کے تحت 24.5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ بجٹ میں فاٹا کیلئے مختص رقم کا حجم 21 ارب روپے تھا۔آزادجموں وکشمیر کیلئے پی ایس ڈی پی کے تحت بجٹ میں نمایاں اضافہ کرنے کی تجویز ہے،گزشتہ سال کے بجٹ میں آزادجموں وکشمیر کیلئے پی ایس ڈی پی میں مختص فنڈز کا حجم 12ارب روپے تھا جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے آزاد کشمیر کیلئے 22ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔گلگت بلتستان کیلئے مالی سال 2016-17میں پی ایس ڈی پی کے تحت 9 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ مالی سال 2017-18کیلئے پی ایس ڈی پی میں 15ارب روپے مختص کئے گئے ۔موجودہ حکومت کی جانب سے بلوچستان میں عوامی بہبود اورترقی وخوشحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور نئے وفاقی میزانئے میں بھی ماضی میں ترقی کے ثمرات سے محروم اس صوبے کیلئے بھاری فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ صوبے میں شاہراہوں اورپینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر 17ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ گوادرکی ترقی کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت 31منصوبے اس سے الگ ہیں ۔ حکام کے مطابق بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کیلئے 411 ارب روپے مختص کئے گئے ، سماجی شعبے کی ترقی کیلئے مالی سال 2016-17 ء میں 90 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ مالی سال 2017-18میں اس اہم شعبے کی ترقی کیلئے 153ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔