خبرنامہ

چوہدری نثار کل اہم پریس کانفرنس کریں گے

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کل شام اہم پریس کانفرنس کریں گے۔اور اندر کی سیاست کے بارے میں بھی اظہار خیال کریں گے۔

چوہدری نثار کے ترجمان اسلم شاہد کے مطابق سابق وزیرد اخلہ کل شام پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چوہدری نثار نے پرویز رشید کا نام لیے بغیر ان پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اتنے معصوم ہیں تو اپنی حکومت کو ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مشورہ دیں جب کہ پرویز رشید کی جانب سے بھی وزارت داخلہ سے متعلق بیان دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار اپنی پریس کانفرنس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے اندر کی سیاست کے بارے میں بھی اظہار خیال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے چوہدری نثار کے طرز عمل پر کافی اعتراض کیا گیا ہے جس پر چوہدری نثار کل پریس کانفرنس میں بات کریں گے۔
سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت میں ہوتے ہوئے ہمارے خلاف بہت کچھ ہوگیا، اپنی وزارت داخلہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی تاہم ان کے وزیراعظم صبر سے کام لیتے ہیں۔

’پاکستان میں ایک بدروح پھرتی ہے، جس کو میں مشرف کی بدروح قرار دیتا ہوں، یہ بدروح سیاسی جماعتوں، سیاسی ذہنوں اور اداروں میں بھی ہے۔‘

پرویز رشید نے کہا کہ پہلے وزراء اعظم کو نکالا جاتا تھا تو لوگ دو ماہ میں ان کا نام بھی بھول جاتے تھے، وہ خاموشی سے گھرجاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار موجودہ وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں اور انہوں نے میاں نوازشریف کی ریلی میں بھی شرکت نہیں کی۔