خبرنامہ

چین نے بھارتی فوج کو تباہ کرنیکی صلاحیت حاصل کرلی

نئی دہلی:(ملت+اے پی پی) چین نے بھارتی فوج کا کمیونیکیشن نیٹ ورک تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے جس کے نتیجے میں بھارت کے اربوں ڈالر کے ہتھیار جنگ کی صورت میں محض کاٹھ کباڑ بن کر رہ جائیں گے۔بھارتی اخبار ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کو خبردار کیا گیا ہے کہ فوج کا کمیونیکیشن سسٹم سیکیورٹی کی خامیوں سے بھرا پڑا ہے اور اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ چین کا جاسوسی سافٹ ویئر پہلے ہی بھارت کے ملٹری نیٹ ورک میں سرایت کر چکا ہے۔ فیوچر کورٹیکنالوجیز اینڈ پرابلم اسٹیٹمنٹس کے متعلق جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی سافٹ ویئرنہ صرف زمانہ امن میں قیمتی عسکری معلومات چرا سکتا ہے بلکہ جنگ کی حالت میں ہتھیاروں کو چلنے سے پہلے ہی بیکار کر سکتا ہے۔ بھارتی ایئرفورس کے سابق سربراہ فالی میجر نے خبردار کیا چین کا حملہ ہمارے فوجی کمپیوٹروں کا مکمل کنٹرول حاصل کر کے تمام ڈیٹا کرپٹ کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں ہمارا ملٹری نیٹ ورک بیکار ہو کر رہ جائے گا۔ آرمی ڈیزائن بیورو کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مسئلے کی جڑ بیرون ملک سے درآمد کیے جانیوالے ہتھیار ہیں جن میں استعمال ہونیوالے الیکٹرونک سرکٹ کی بھاری تعداد چین کی تیار کردہ ہے۔ سائبرسیکیورٹی ایکسپرٹ رکشت ٹانڈن کا کہناتھا کہ ہتھیاروں میں چینی ساختہ امبیڈڈ سافٹ ویئرکااستعمال بھارت کی دفاعی صلاحیت کیلیے سب سے بڑا خطرہ بن چکاہے۔