خبرنامہ

کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری روز: جاوید ہاشمی انتخابات سے دستبردار

اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے الیکشن سے دستبردار ہونے کا آج آخری روز ہے۔

عام انتخابات کے لیے تین مراحل طے کرلیے گئے اور اب اگلے مرحلے میں امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں اور ایسے امیدوار جن کے نامزدگی فارمز منظور ہوچکے ہیں وہ آج ہی اپنے پارٹی ٹکٹ بھی جمع کرائیں گے۔

ملتان سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی انتخابات سے دستبردار ہوگئے۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق جاوید ہاشمی نے این اے 155 اور این اے 158 سے نامزدگی فارم واپس لے لیے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی اور کل انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔

انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار یکم جولائی سے 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے اور 24 جولائی کو وقفے کے بعد 25 جولائی کو ملک بھر میں پولنگ ہوگی۔

پولنگ کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے جائیں گے اور فوج کی نگرانی میں پولنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ انتخابی عمل کے لیے پہلے مرحلے میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے بعد اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوا اور تیسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔