خبرنامہ

کراچی میں بجلی بحران: وزیراعظم کی صدارت میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کراچی میں بجلی بحران: وزیراعظم کی صدارت میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کراچی:(ملت آن لائن) شہر قائد میں بجلی بحران کے حل کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج کراچی میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یاد رہے کہ 21 اپریل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ایشوز پر غور کے لیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا خصوصی اجلاس پیر 23 اپریل کو کراچی میں طلب کیا تھا۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے گی، اجلاس میں کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس سے بھی بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔
کراچی میں بجلی بحران کا نوٹس، وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین، ایس ایس جی کے ایم ڈی امین راجپوت، سیکرٹری فنانس صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر مظہر الناصر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جو دو روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ گرمی بڑھتے ہی ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کے شہریوں کو بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر صنعتوں پر پڑا ہے۔
وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو کے الیکٹرک کو سندھ کے حوالے کر دے، مراد علی شاہ
اس سے قبل شہر کے صنعتکاروں نے بجلی فراہم نہ ہونے پر انڈسٹریز کو تالا لگانے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک طرف میئر کراچی وسیم اختر کو اختیارات نہ ملنے کا شکوہ ہے، تو دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بجلی بحران کے معاملے پر وفاق پر کافی گرم نظر آتے ہیں۔ گذشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ وفاق کے پاس اگر بجلی بحران حل کرنے کی صلاحیتیں نہیں تو وہ اس کا اختیار سندھ حکومت کو دے دے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر اجلاس ہورہے ہیں لیکن کراچی کا کسی کو خیال نہیں آرہا، حتیٰ کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے مشیر خزانہ بھی کچھ نہیں کررہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو گیس کی کم فراہمی اور کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وزیراعظم سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کا اعلان بھی کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے اس بیان پر وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مراد علی شاہ پہلے اپنے صوبے کی پولیس کی مدد سے حیدرآباد اور سکھر ڈویژن کے عوام کو بجلی چوری کرنے والوں کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا عوام کے مسئلے کا حل نکالیں، پھر وزیراعظم سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کا شوق پورا کریں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا تھا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے درمیان بقایاجات کا معاملہ متنازع ہے، لہذا وزارت خزانہ، سندھ حکومت، واٹر بورڈ اور کےالیکٹرک اس معاملے کا حل نکالیں۔