خبرنامہ

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، ہالینڈ کے ناظم الامور کی دفترِ خارجہ طلبی

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، ہالینڈ کے ناظم الامور کی دفترِ خارجہ طلبی
اسلام آباد: (ملت آن لائن) پاکستان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اسلام کو بدنام کرنے کی گھناؤنی کوشش قرار دیدیا، پاکستانی سفیر کو معاملہ ہالینڈ حکومت کے سامنے اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت ریکارڈ درج کرایا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے لیڈر اور پارلیمانی رکن گریٹ ولڈر کی طرف سے گستاخانہ خاکوں پر مقابلہ کرانا قابلِ مذمت ہے، پاکستان کو صورتحال پر گہری تشویش ہے، یہ اسلام کو بدنام کرنے کی گھناؤنی کوشش ہے۔

ادھر وفاقی کابینہ نے بھی آج اپنے پہلے اجلاس میں معاملہ کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ہیگ میں پاکستانی سفیر کو معاملہ ہالینڈ حکومت اور او آئی سی کے سامنے اٹھانے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ اور جنیوا میں بھی پاکستانی مستقل مندوب کو معاملہ یو این سیکرٹری جنرل اور ہائی کمشنر کے سامنے اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اس مسئلے کو ہالینڈ حکومت اور عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔ وزیرِ خارجہ نے اس حوالے سے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ یہ معاملہ اقوام متحدہ سربراہ اجلاس کے موقع پر او آئی سی وزرا خارجہ اجلاس میں بھی زیرِ بحث لایا جائے گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کی قیادت کریں گے۔