اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کو دوبارہ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیب نے اس ریفرنس پر سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا تھا۔
جیونیوز کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ حدیبیہ پیپر ملز کیس کو کالعدم قرار دے چکی ہے اس لیے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیئے جانے تک کیس کو دوبارہ نہیں کھولا جاسکتا جب کہ نیب کے چیرمین قمر زمان چوہدری نے بھی اس ریفرنس پر سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام کا کہنا ہےکہ پاناما کیس میں بھی سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کو دوبارہ کھولنے کی واضح ہدایت نہیں دی ہے۔
شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے نیب کا سعودی حکومت کو خط
ذرائع نے بتایا کہ نیب کے پراسیکیوشن برانچ نے بھی نیب حکام کو حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کے حوالے سے رائے دی ہے۔
واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جب کہ نیب کی جانب سے سعودی حکومت کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔