خبرنامہ

کچھ لوگ سی پیک کےمنصوبوں کےخلاف سازشیں کر رہے ہیں، وزیر داخلہ

کچھ لوگ سی پیک کےمنصوبوں کےخلاف سازشیں کر رہے ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ سی پیک منصوبے کے خلاف سازشیں کررہے ہیں لیکن پاکستان اور چین مل کر ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔

اسلام آباد میں چینی سفیر سن وی ڈونگ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، منصوبے کی بدولت بلوچستان کی محرومی دور ہوگی اور گوادر بندرگاہ خطے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، اس سے پاکستان کو درپیش توانائی بحران اور انفرا اسٹرکچرکے چیلنچز پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور نئی سرمایہ کاری سمیت ٹیکنالوجی بھی آئے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ چند لوگ سی پیک منصوبے کے خلاف سازشیں کررہے ہیں اور وہ پاکستان کو ناکام اور پسماندہ معیشت رکھنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان اور چین مل کر ان کوششوں کو ناکام بنا دیں گے جب کہ قوم بھی منصوبے کے لئے یکسو اور متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کسی ملک یا صوبے کے خلاف نہیں بلکہ خطے کے ممالک کو جوڑنے کا منصوبہ ہے، خطے کی خوشحالی اور ترقی اسی منصوبے کی تکمیل میں مضمر ہے۔

سبکدوش ہونے والے چینی سفیر سن وی ڈونگ کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال تعلقات کا شکار ہے سن وی ڈونگ کے بحثیت پاکستان میں سفیر دور میں ہی سی پیک ایک حقیقت بنا اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں چینی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔