خبرنامہ

عمران خان کا جاوید صادق پر کنٹریکٹس میں 26ارب روپے کمیشن لینے کا الزام

اسلام آباد… عمران خان کا کہنا ہے کہ دو نومبر کو کرپٹ الیون سے میچ ہو گا۔ پاناما کا احتساب چاہتے ہیں لیکن یہ بھی چاہتے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل نہ ہو۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اسلام آباد بار کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیس سال سے جدوجہد کر رہے ہیں کیا اب بھی لڑائی نہ کریں۔ پاناما کی تحقیقات ہونی چاہیے یہی مطالبہ ہے۔ عمران خان نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈبل شاہ قرار دے دیا۔ عمران خان نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف دو نومبر کے دھرنے کے لیے ہر پاکستانی گھر سے نکلے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے مختلف منصوبوں میں اپنے فرنٹ مین جاوید صادق کو اربوں روپے کا کمیشن دیا۔ جاوید صادق نے چار کنٹریکٹس میں 26 ارب کا کمیشن لیا۔ حکومتی ایوانوں کو ہلانے کیلئے دو نومبر تک کئی دھماکے کریں گے۔ کپتان نے خورشید شاہ کو ڈبل شاہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بار سے خطاب کے خلاف اسلام آباد بار کونسل میں درخواست دائر کی گئی۔ ملک وسیم سجاد ظفر ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی جماعت نے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ بار کو سیاسی طور پر استعمال کرنا ایسوسی ایشن اور بار کونسل کے قوانین کے خلاف ہے۔ بار کے عہدیداران مینڈیٹ کا احترام کریں۔ بار عہدیداران سیاسی جماعت کے آلہ کار کا فورم استعمال نہ کریں۔