خبرنامہ

پانامہ معاملہ سپریم کورٹ میں جانے کے بعد سڑکوں پر اچھالنے کا جواز نہیں،ترجمان وزیراعظم

کراچی (ملت + آئی این پی) ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کا رویہ طالبانہ ہے اور وہ پانچ ہزار ڈنڈا بردار افراد جمع کر کے تبدیلی نہیں لا سکتے۔ کراچی کے نجی ہوٹل میں پاکستان بزنس اینڈ اکنامک سمٹ کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مصدق ملک نے اپنے خطاب میں عمران خان پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیک کا معاملہ سپریم کورٹ میں جانے کے بعد سڑکوں پر اچھالنے کا جواز نہیں بنتا۔ ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن بھی پانامہ لیگ کے معاملے پر کام شروع کرچکی ہے جبکہ عمران کے نزدیک تمام ادارے بے اعتبارہیں جو ایک طالبانہ رویہ ہے۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے پر مصدق ملک نے کہا کہ سی پیک ایک انفراسٹرکچر منصوبہ ہے،اس منصوبے کے ذریعے ملک میں پاور پلانٹس، روڈ نیٹ ورک اور ملازمتوں کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا، تھر میں بھی بحالی آنے کے امکانات ہیں۔ اس موقع پر چئیرمین نجکاری محمد زبیر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ، ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں پاکستان کی معشیت کو خطرناک صورتحال کا سامنا تھا۔ موجودہ حکومت نے تمام چیلنجز کا ڈٹ کر سامنا کیاہے، اب پاکستان کی معیشت میں ترقی کی گواہی دنیا دے رہی ہے۔