خبرنامہ

این ایچ اے؛ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سی پیک مغربی روٹ ؛ پنڈی گھیب کی منظوری

اسلام آباد(ملت+ آئی این پی)نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑنے کہا ہے کہ تعمیراتی عمل میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وطن عزیز کے شاہراتی نیٹ ورک میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی تعمیر وتکمیل میں قومی خزانہ کو ساڑھے3 سو ارب روپے سے زائد کی بچت دی ۔وہ جمعہ کو این ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ کے 268 ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں پاک چین اقتصادی کارہ داری منصوبے کے ویسٹرن روٹ کے اہم سیکشن ہکلہ تا پنڈی گھیب کی منظوری دی گئی۔63 کلومیٹر طویل سیکشن ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا حصہ ہے اور دوسال کی مدت میں مکمل ہوگا ۔اس منصوبے پر 22 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔اجلاس میں گلگت تا سکردو شاہراہ (S-1) پرمختلف مقامات پر729 ملین روپے کی لاگت سے 5 نئے پل تعمیر کئے جانے کی منظٰوری بھی دی گئی۔چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ اتھارٹی کے تمام معاملات میں شفافیت اور کفایت شعاری کے رحجان فروغ دیاگیاہے۔ملک کی اقتصادی معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پائیدار شاہراہوں کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانا این ایچ اے کا عز م ہے۔وطن عزیز کی موجودہ شاہراہوں کو اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ سی پیک نیٹ ورک ،نیشنل ٹریڈ کاریڈور کی توسیع،نئے روڈ نیٹ ورک کا قیام خصوصاً موٹرویز نیٹ ورک کو موثر اورجامع منصوبہ بندی کے تحت مکمل کرنا این ایچ اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔این ایچ اے حکومت کے ترقیاتی وژن کے مطابق ملک کے شاہراتی نیٹ ورک اور بنیادی ڈھانچے کی توسیع و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اقتصادی راہداری کے قیام سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط مضبوط ہوں گے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔این ایچ اے شاہراتی نیٹ ورک کے ذریعے دور دراز علاقوں کو قومی دھارے میں لاکر ان علاقوں کے عوام کی معاشی حالت میں بہتری لانے اور صوبوں میں باہمی اتحاد کو فروغ دینے میں اپنااہم کردار ادا کررہی ہے۔ (رڈ)