خبرنامہ

دیامربھاشا ڈیم کیلئےحصول اراضی کیلئےمعاوضہ نرخوں کی منظوری: وفاقی کابینہ

اسلام آباد : (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے حصول اراضی کیلئے معاوضہ نرخوں کی منظوری دیدی ۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے متاثرین کو معاوضے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی کے بڑے بڑے منصوبہ جات کی تعمیر سے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور سیلابوں کی روک تھام میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، ہمارے منصوبہ جات میں اس ضمن میں قلیل، درمیانے اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی طرف سے دستیاب تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرہ لوگوں کو معاوضے کی رقم کی تقسیم میں شفافیت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔ا نہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عالمی بینک کے ذریعے داسو ڈیم کیلئے سرمائے کا اہتمام کیا ہے جبکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔