خبرنامہ

صنعتی شعبہ کو گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے.وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صنعتی شعبہ کو گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے، گھریلو صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت موسم سرما کے دوران گیس کی طلب کو پورا کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔ پیر کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی طلب روز بروز بڑھ رہی ہے، ایک ایل این جی ٹرمینل پہلے ہی بن چکا ہے جبکہ دو مزید ایل این جی ٹرمینلز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے اس سلسلہ میں کام نہیں کیا، موجودہ حکومت مستقبل کی گیس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 22 سال پرانے تاپی گیس منصوبے پر بھی کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ورثہ میں بہت سے مسائل اور چیلنجز ملے، ان میں دہشت گردی کے علاوہ دوسرا بڑا مسئلہ توانائی کا بحران تھا۔ انہوں نے کہا کہ2018ء میں پاکستان میں ضرورت سے زیادہ گیس دستیاب ہو گی، گیس چوری روکنے کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔