ڈیلاس: (اے پی پی) امریکا کے صدر باراک اوباما نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ڈیلاس میں نشانہ بنائے جانے والے 5 پولیس اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی ہے۔امریکا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں نشانہ بنائے جانے والے 5 پولیس اہلکاروں کی یاد میں منعقد دعائیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پولیس والے ہماری تنقید نہیں بلکہ تعریف کے مستحق ہیں جو خطرات میں کام کرکے ہماری حفاظت کرتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد ایمانداری سے اور مشکل حالات میں خطرناک کام کرتی ہے ۔صدر اوباما نے کہا کہ جب بھی کوئی شخص تمام پولیس والوں کو متعصب اور جانبدار قرار دیتا ہے تو دراصل وہ ان پولیس اہلکاروں پر ہمارا انحصار کمزور کرتا ہے جو ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ پولیس کی بہادری کی بدولت ہی آج بہت کم لوگوں کا غم منا رہے ہیں۔تقریب سے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے انھیں تقسیم کرنے والی طاقتیں متحد رکھنے والی طاقتوں پر غالب آتی جارہی ہیں۔ انھوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محبت اور اعلیٰ مقصد میں اتحاد کے متلاشی ہیں۔
خبرنامہ انٹرنیشنل
اوباما اہلیہ کے ہمراہ 5 پولیس اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت
