لندن:(اے پی پی) بی بی سی سے وابستہ ایک خاتون صحافی کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال فلائٹ نکل جانے کے غم میں ایئرپورٹ پر خودکشی کرلی تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی آنجہانی رپورٹر سے متعلق یہ انکشاف عدالتی تحقیقات میں ہوا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 50 سالہ خاتون صحافی جیکولین گزشتہ سال اکتوبر میں استنبول سے عراق جانے والی منسلک فلائٹ میں بیٹھنے سے رہ گئی تھیں جس پر انہوں نے اتاترک ایئرپورٹ کے باتھ روم میں خودکشی کرلی تھی، واش روم میں داخل ہونے والی ایک خاتون نے جیکولین کی لاش دیکھ کر ایئرپورٹ انتظامیہ کو خبردار کیا جب کہ اس سے قبل لاؤنج میں جیکولین نے بیئر کے دو کین پیے تھے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جیکولین کے پاس رقم نہیں تھی اور وہ اس پر بہت رنجیدہ تھیں اور آخرکار انہوں نے خودکشی کرلی تھی۔ خاتون رپورٹر کے ایک دوست اینڈریو واکر نے بتایا کہ رقم نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ پر رونے لگی تھیں جب کہ ان کی بہن جینی سٹن کا کہنا تھا کہ جیکولین بہت مایوس اور غمزدہ تھیں اور شاید اسی لیے انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔
خبرنامہ انٹرنیشنل
بی بی سی کی خاتون صحافی نےایئرپورٹ پرخودکشی کیوں کی، رپورٹ
