خبرنامہ انٹرنیشنل

جنوبی کوریا:جدید امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب کی تصدیق

سیؤل: (اے پی پی) جنوبی کوریا کی حکومت نے ملک میں جدید امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک کا دو تہائی حصہ شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل حملوں سے محفوظ ہو جائے گا۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں اس سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ گزشتہ ہفتہ کیا گیا جس پر چین اور روس کی طرف سے یہ کہہ کر سخت اعتراضات کئے گئے کہ امریکا اس اقدام کے ذریعے خطے میں اپنی فوجی طاقت بڑھا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمینل ہائی آئی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم ( تھاڈ) دارالحکومت سیؤل سے 200کلو میٹر جنوب مشرق کی طرف واقع سیونگ جو کاؤنٹی میں نصب کیا جائے گا۔ یہ عمل آئندہ سال کے آخر میں مکمل ہو گا۔ یہ جوہری بجلی گھروں اور آئل ڈپو جیسی حساس تنصیبات کو میزائل حملوں سے تحفظ فراہم کرے گا۔ تاہم سیونگ جو کاؤنٹی کے مکینوں نے اپنے ہاں اس سسٹم کی تنصیب کے خلاف پہلے ہی مظاہرے شروع کردیئے ہیں ان مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے ۔ کاؤنٹی کے سربراہ نے اپنے دس ساتھیوں کے ہمراہ اس منصوبے کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کررکھی ہے۔ انہوں نے اپنی انگلیاں زخمی کرکے اپنے خون سے اس منصوبے کے خلاف نعرے تحریر کئے ہیں۔