خبرنامہ انٹرنیشنل

حزب اللہ کا اسلحہ لبنان کے مفاد میں ہے

حزب اللہ کا اسلحہ لبنان کے مفاد میں ہے
بیروت: (ملت آن لائن) لبنان کے صدر میشل عوان نے ایران نواز شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے بارے میں عرب لیگ کی اجتماعی قرارداد مسترد کرتے ہوئے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے سے انکار کردیا ہے۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ بیروت کے دوران ان سے ملاقات میں صدر عون نے کہا کہ وہ ایسے اشارے نہیں مانتے جن میں ان کی حکومت کو دہشت گردی کی سہولت کار قرار دیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حزب اللہ ملیشیا دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا اسلحہ لبنان کے مفاد میں ہے۔ ہمیں اسرائیل کی طرف سے خطرے کا سامنا ہے اور اس خطرے کے دفاع کے لیے حزب اللہ کا مسلح رہنا ضروری ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے مطالبے پر عرب لیگ کے وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس قاہرہ میں منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں کو فوری طور پر روکنے اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔عرب لیگ کے اجلاس میں واضح کیا گیا تھا کہ لبنان کی موجودہ حکومت جس میں حزب اللہ بھی شامل ہے دہشت گردوں کی سہولت کار ہے۔ عرب ممالک میں ہونے والی دہشت گردی اور اسلحہ کی دوڑ کے پیچھے حزب اللہ کا بھی ہاتھ ہے جو اس وقت لبنان میں اقتدار پر بھی فائز ہے۔عرب لیگ نے ایرانی خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔