خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی حکومت نے اپنی قوم پر 4 بار کیمیائی ہتھیار استعمال کئے، برطانوی وزیراعظم

شامی حکومت

شامی حکومت نے اپنی قوم پر 4 بار کیمیائی ہتھیار استعمال کئے، برطانوی وزیراعظم

لندن:(ملت آن لائن+اے پی پی) برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی حکومت نے اپنی عوام پر چار بار کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں تھریسا مے نے شام میں فوجی کارروائی کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ہماری فوجی مداخلت کا وہاں پر جاری خانہ جنگی کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی ہم نے یہ اقدام شامی حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔ شام میں فوجی کارروائی کا مقصد شامی حکومت کو اپنی قوم کے خلاف کیمیائی حملوں سے باز رکھنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شام پر حملہ اس وقت کیا گیا جب اسد انتظامیہ کے ہاتھوں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ٹھوس ثبوت سامنے آئے۔ اس حملے نے شام کے کیمیائی ہتھیار اور انہیں استعمال کرنے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل سے رجوع کیاتاہم روس نے ہمارا راستہ روکا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے شام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر حملہ نہیں کیا بلکہ ایسا کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں فوجی کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ اس کے بعد برطانیہ شام میں امن عمل کوآگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔