خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ نے تھامس بوزرٹ کوانسداد دہشت گردی کا سربراہ نامزد کردیا

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھامس بوزرٹ کو ہوم لینڈ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کا سربراہ نامزد کیا ہے۔ٹرمپ کی عبوری ٹیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تھامس بوزرٹ ہوم لینڈ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سائبر سکیورٹی کے امور پر صدر کے مشیر ہوں گے، جب کہ وہ پالیسی وضع کرنے اور عمل در آمد کے سلسلے میں کابینہ سے رابطے کا کام انجام دیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ساتھ یہ ایک علیحدہ عہدہ ہوگا ۔بوزرٹ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فلن کے ساتھ قریب رہ کر کام کریں گے۔ اِن دِنوں، بوزرٹ سی ڈی ایس کلسلٹنگ‘ کے ادارے میں رسک منیجمنٹ شعبہ کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں، وہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے لیے صدر کے معاون کے طور پر کام کر چکے ہیں۔وہ ایٹلانٹک کونسل کے فیلو ہیں، اور 2003ء سے سائبر سکیورٹی پر مباحثوں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔